چیف سکریٹری سومیش کمار اور ڈاکٹر کیشو راؤ کا دورہ
حیدرآباد : حکومت تلنگانہ نے شہر کے مرکزی علاقہ میں واقع تفریحی مقام نیکلس روڈ کے نام کو سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ سے موسوم کرنے کے اعلان پر عمل آوری کردی ہے۔ پی وی نرسمہا راؤ مارگ کی تحریر کے ساتھ بورڈ آویزاں کردیا گیا۔ اِس کے علاوہ حکومت کو نیکلس روڈ پر نرسمہا راؤ کے مجسمہ کی تنصیب کے لئے مناسب جگہ کی تلاش ہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پر رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ صدرنشین پی وی نرسمہا راؤ صدی تقاریب، چیف سکریٹری سومیش کمار اور دیگر عہدیداروں نے نیکلس روڈ کا دورہ کیا۔ سابق وزیراعظم کی صدی تقاریب کے سلسلہ میں حکومت نے اختتامی تقریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری کے علاوہ رکن کونسل اور نرسمہا راؤ کی دختر شریمتی وانی دیوی اور صدی تقاریب کے رکن چندرشیکھر، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، ڈائرکٹر کلچر ایم ہری کرشنا اور دیگر عہدیداروں نے نیکلس روڈ پر نرسمہا راؤ کے مجسمہ کے لئے موزوں مقام کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ 28 جون کو اختتامی تقریب منعقد ہوگی اور اُسی دن نیکلس روڈ پر نرسمہا راؤ کے مجسمہ کی نقاب کشائی عمل میں آئے گی۔