حیدرآباد۔ 4 اپریل ( سیاست نیوز ) نیکلس روڈ عوام کی دلچسپی کیلئے مختلف تفریحی سہولیات کے بعد اب اسکائی سائیکلنگ کی سہولت بھی شروع کی گئی ہے ۔ اسکائی سائیکلنگ کا تجربہ دوسری تفریحات سے کافی مختلف ہے اور اس میں شائقین کو منفرد تجربہ بھی حاصل ہوتا ہے ۔ سی ایس پرشانت نے جو آئی ٹی پروفیشنل ہیں شہر میں اسکائی سائیکلنگ کی شروعات میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کافی ریسرچ اور سیفٹی اصولوں کا جائزہ لینے کے بعد یہاں اس کا آغاز کیا گیا ۔ جس تار پر سائیکلنگ کی جا رہی ہے وہ 85 کیلوگرام تک کا وزن سنبھال سکتی ہے تاہم مستقبل میں اس کو 100 کیلوگرام تک کیا جاسکتا ہے ۔ اس سے مزید سیاح اس اڈونچر سے لطف اندوز ہو پائیں گے ۔