حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) نیکلس روڈ پر دو دن قبل پیش آئے جھگڑے کے واقعہ میں زخمی روڈی شیٹر جانبر نہ ہوسکا۔ منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹر سائی ساگر کو مریال گوڑہ ٹاون کے روڈی شیٹر جنید عرف کبیر خان نے نیکلس روڈ پر اسوقت حملہ کرکے زخمی کردیا تھا جب سائی اور اس کے ساتھی جنید اور اس کے ساتھ موجود خاتون سے چھیڑ چھاڑ کی تھی۔ سائی اور اس کے دو ساتھی سالگرہ منانے کیلئے نیکلس روڈ پہنچے تھے اور واپس لوٹنے کے دوران دو روڈی شیٹرس کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور کبیر خان نے سائی کے سر پر پتھر سے وار کردیا تھا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اسے دواخانہ عثمانیہ میں علاج کیلئے شریک کیا گیا تھا۔ سائی کل رات دیر گئے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا اور اس کی موت کے بعد اس کے رشتہ داروں نے دواخانہ عثمانیہ کے روبرو احتجاج کیا اورحملہ آور کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ سخت سیکوریٹی کے درمیان سائی ساگر کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔