نیکلس روڈ پر موجود ایچ ایم ڈی اے کی اراضیات غیر محفوظ

   


سیاسی مداخلت سے ہراج کے بغیر قبضہ ، غیر قانونی کرایہ کی وصولی ، چھوٹے تاجرین ہراسانی کا شکار
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں نکلس روڈپر موجود حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے تحت اراضیات محفوظ ہیں ! حکومت تلنگانہ کی جانب سے اراضیات کے تحفظ اور اراضیات کی فروخت کے ذریعہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے لیکن قلب شہر میں واقع نکلس روڈ پر موجود اراضیات پر جاری قبضوں کو روکنے میں ایچ ایم ڈی اے ناکام ہے بلکہ ریاست ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے ان اراضیات پر قبضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے تفریحی مرکز پر موجود کھلی اراضیات پر غریب تاجرین کو چھوٹے موٹے کاروبار کی اجازت نہ دینے والے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کی جانب سے سیاسی مداخلت پر کروڑہا روپئے مالیتی اراضیات بغیر کسی ہراج یا کرایہ حوالہ کی جانے لگی ہیں اور ان اراضیات کے حصول کے بعد اراضیات حاصل کرنے والے افراد کی جانب سے ایچ ایم ڈی اے کی اراضیات کو کرایہ پر دیتے ہوئے آمدنی حاصل کرنے لگے ہیں۔ نکلس روڈ پر چھوٹے کاروبار کرنے والوں ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کی جانب سے یہ کہتے ہوئے ہٹایا جا رہاہے کہ اگر ان کی جانب سے کاروبار کا سلسلہ جاری رہا تو لاکھوں روپئے اداکرتے ہوئے جگہ حاصل کرنے والوں کے کاروبار متاثر ہورہے ہیں لیکن ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے 50 ٹھیلہ بنڈی رانوں کو نکلس روڈ پر کاروبار کیلئے پاس جاری کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ اس خطہ میں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو متاثر ہونے سے بچایا جاسکے اتھاریٹی کے عہدیدارو ںکو فٹ پاتھ یا سڑک پر کام کرنے والے یہ تاجرین نظر آرہے ہیں لیکن ان لوگوں پرعہدیداروں کی نظریں نہیں جا رہی ہیں جو کہ لینڈ مافیا کے طور پر کام کر رہا ہے اور سینکڑوں گز اراضیات پرقبضہ کرتے ہوئے لوگوں کو دے رہا ہے اور ان سے غیر قانونی طور پر کرایہ وصول کیاجا رہاہے ۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں نے نکلس روڈ پر کئے جانے والے قبضوں کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مداخلت کے سبب وہ ان لوگوں کا تخلیہ کروانے کے موقف میں نہیں ہیں جو کہ اس اہم اور مصروف ترین سیاحتی مرکز پر قبضہ کئے ہوئے ہیں ۔ مقامی عوام نے شکایت کی کہ وہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں اور عہدیداروں کو اس بات سے واقف کروایا جاچکا ہے کہ اس مصروف ترین علاقہ میں لینڈ مافیا کی سرگرمیاں تیزی سے فروغ حاصل کررہی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی ان سرگرمیوں کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ چھوٹے تاجرین کو تجارت سے روکنے کیلئے عہدیداروں کی جانب سے پولیس کی بھی مدد حاصل کی جانے لگی ہے۔