نیکلس روڈ پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کا کام جاری

   

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے نیکلس روڈ پر 125 فیٹ بلند ڈاکٹر بی آر امبیڈکر مجسمہ کی تیاری کا کام ڈسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیر بہبودی ایس سی طبقات کے ایشور، وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راٹھور اور وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مختلف ارکان اسمبلی کے ہمراہ این ٹی آر گارڈن میں امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کے کاموں کا جائزہ لیا۔ کے ایشور نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے 125 فیٹ بلند مجسمہ کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے وہ تمام دلت تنظیموں کی جانب سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کرنے کیلئے اسمبلی میں قرارداد منظور کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے عقیدت ہے تو نئی پارلیمنٹ کا نام امبیڈکر سے موسوم کیا جائے۔ کے ایشور نے اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے موقع پر بی جے پی رکن اسمبلی رگھونندن راؤ کی غیر حاضری کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ر