نیکلیس روڈ پر پنک پاور رن، 20 ہزار افراد کی شرکت

   

نامور ایتھلیٹس اور عالمی حسیناؤں نے بریسٹ کینسر شعور بیداری مہم میں حصہ لیا
حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں آج پنک پاور رن کا اہتمام کیا گیا جس میں 20 ہزار سے زائد مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کرتے ہوئے بریسٹ کینسر کے خلاف شعور بیداری مہم میں حصہ لیا۔ ہندوستان کے نامور ایتھلیٹس سدھا ریڈی، لینڈر پیس اور جولیا مورلی نے عالمی حسیناؤں کی موجودگی میں پنک پاور رن کی قیادت کی۔ مس ورلڈ کے مندوبین کے علاوہ کئی شعبہ جات کے اہم شخصیتوں نے شعور بیداری مہم میں حصہ لیا۔ بریسٹ کینسر کے خلاف 2026 تک 140 ممالک میں شعور بیداری مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنک پاور رن 2025 کا اہتمام سدھاریڈی فاؤنڈیشن نے حکومت کے اشتراک سے کیا تھا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں نیکلیس روڈ پر منعقدہ اس رن میں 20 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ منیجنگ ڈائرکٹر میل کمپنی کرشنا ریڈی نے افتتاح کیا۔ مس ورلڈ آرگنائزیشن کی صدر جولیا مورلی کے علاوہ لینڈرپیس اور دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کرتے ہوئے مہم سے اظہار یگانگت کیا۔ مس ورلڈ 2025 نے بھی رن میں حصہ لیتے ہوئے مہم کی تائید کی۔ امریکہ، نامیبیا، یوروپ اور دیگر ممالک کے مس ورلڈ فاتحین نے رن میں حصہ لیا۔ دنیا بھر میں بریسٹ کینس کے بڑھتے کیسیس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ شعور بیداری کے ذریعہ ہی مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ 10 کیلو میٹر، 5 کیلو میٹر اور 3 کیلو میٹر کی دوڑ کے کامیاب افراد کو انعامات تقسیم کئے گئے۔ 10 کیلو میٹر دوڑ میں 3 انعام یافتگان کو 3.5 لاکھ، 2.5 لاکھ اور 1.5 لاکھ روپے بطور انعام دیئے گئے۔ 5 کیلو میٹر کی دوڑ کے 3 انعام یافتگان میں 2 لاکھ، 1.5 لاکھ اور ایک لاکھ روپے بطور انعام دیئے گئے۔ 10 کیلو میٹر دوڑ میں انکت گپتا نے 30.52 منٹ میں فاصلہ طے کرتے ہوئے پہلا انعام حاصل کیا۔ 5 کیلو میٹر کی دوڑ میں ہرمنجیت سنگھ نے پہلا مقام حاصل کیا۔ سدھاریڈی نے 2026 تک دیگر ممالک میں بھی شعور بیداری رن کا اعلان کیا۔ 1