لندن ۔20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کے باونسر سے زخمی ہونے کے بعد ٹیم کے سابق ڈاکٹر نے نیک گارڈ (گردن کی حفاظت) لازمی کرنے کی تجویز دے دی۔ڈاکٹر پیٹر بروکنر نے کہا ہے کہ اگر نیک گارڈ لازمی قرار نہ دیا تو مستقبل میں بیٹسمینوں کی اموات بڑھ جائیں گی۔2014میں فلپ ہیوز کی موت کے بعد بھی نیک گارڈ کے استعمال سے گریز حیران کن ہے۔ اسٹیو اسمتھ لارڈز ٹسٹ میں گردن پر جوفرا آرچر کا باونسر لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ اسٹیو اسمتھ نے بیٹنگ کرتے ہوئے نیک گارڈ نہیں لگایا تھا۔ابتدائی طور پر انہیں میدان ہی میں طبی امداد دی گئی تھی تاہم ٹیم ڈاکٹر رچرڈ سا کے مشورے پر اْنہیں میدان سے باہر لے جایا گیا اورڈریسنگ روم میں اْن کی تکلیف کا تفصیل سے معائنہ کیا گیا جس کے بعد ٹیم ڈاکٹر نے اْنہیں کھیلنے کیلئے فٹ قرار دیا تھا۔