ن11 نومبر تک آر ٹی سی کے روٹس کو خانگیانے کے اقدامات پر روک

   

پروفیسر ویشویشور راؤ کی درخواست پر تلنگانہ ہائی کورٹ کی حکومت تلنگانہ کو ہدایت
حیدرآباد۔8نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو 11 نومبر تک آرٹی سی کی 5300 روٹس کو خانگیانے کے سلسلہ میں اقدامات کو روک دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آرٹی سی کو خانگیانے کے عمل میں کوئی پیشرفت نہ کی جائے۔گذشتہ یوم پروفیسر وشویشور راؤ کی جانب سے تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست کو عدالت نے سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے آج سماعت مقرر کی تھی ۔انہوں نے اپنی درخواست میں کابینہ میں کئے گئے 5300 آرٹی سی روٹس کو خانگیانے کے فیصلہ کو چیالنج کرتے ہوئے اس پر روک لگانے کی خواہش کی تھی مقدمہ کی سماعت کے دوران عدالت نے آئندہ سماعت 11 نومبر کو مقرر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیر تک اس فیصلہ میں کسی قسم کی پیشرفت نہ کرنے کی تاکید کی ۔ہائی کورٹ نے کابینہ کے فیصلہ کی تمام تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کے علاوہ آر ٹی سی کو بھی اس معاملہ میں اپنا حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔گذشتہ یوم آرٹی سی ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ ہڑتال کے معاملہ کی سماعت کے دوران عدالت نے حکومت اور عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور اس مقدمہ کی سماعت کو 11 نومبر تک کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور آج آرٹی سی کی روٹس کو خانگیانے کے فیصلہ کے سلسلہ میں ریاستی کابینہ کی جانب سے اختیار کردہ موقف کو چیالنج کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواست پر بھی عدالت نے کابینہ کے فیصلہ کی تفصیلات پیش کرنے کے علاوہ آرٹی سی کو بھی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ریاستی حکومت مقدمہ کی اگلی سماعت تک اس سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہ کرے۔عدالت کے ان احکام کے فوری بعد حکومت کی جانب سے آر ٹی سی امور پر جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 11 نومبر سے قبل کوئی قطعی رپورٹ تیار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کرنے کے سلسلہ میں غور کیا جائیگا ۔