وائرس سے غیر متاثرہ افراد کو آبائی مقامات منتقل کرنے وزیر داخلہ کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کلکٹر نظام آباد سے ربط، گاندھی ہاسپٹل میں موجود نظام آباد کے افراد کی شکایت پر کارروائی
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی اور کلکٹر نظام آباد سے ربط قائم کرتے ہوئے گاندھی ہاسپٹل میں موجود نظام آباد سے تعلق رکھنے والے افراد کی واپسی کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ نظام آباد سے کورونا وائرس کے شبہ میں گاندھی ہاسپٹل منتقل کئے گئے 16 افراد کا ٹسٹ منفی پایا گیا ہے۔ اس کے باوجود انہیں گزشتہ تین دن سے ہاسپٹل سے ڈسچارج کرنے کے بجائے کسی اور آئیسولیشن سنٹر منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے ان افراد کو منفی رپورٹ کی کاپی حوالے کردی گئی جس کے بعد سے وہ ہاسپٹل سے ڈسچارج ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔ تین دن سے کسی نہ کسی بہانے انہیں ہاسپٹل میں روک کر رکھا گیا۔ مقامی افراد نے اس سلسلہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی کی توجہ مبذول کروائی۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کلکٹر نظام آباد سے فون پر بات کی اور تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹسٹ منفی ہے تو پھر ڈسچارج کرنے میں دیری کی کیا وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل میں مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافے کے سبب ایسے افراد پریشان ہیں جن میں وائرس کے کوئی آثار نہیں پائے گئے۔ کل رات ہاسپٹل کے حکام نے نظام آباد منتقل کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن آج صبح انہیں اطلاع دی گئی کہ نظام آباد کے بجائے حیدرآباد کے کسی مرکز میں انہیں آئیسولیشن میں رکھا جاسکتا ہے۔ ہاسپٹل میں پھنسے ہوئے افراد کو فوری منتقل کرنے کے لیے وزیر داخلہ نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی۔ کلکٹر نے بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل نے اطلاع دی ہے کہ مذکورہ افراد کا احتیاطاً ایک اور ٹسٹ کیا جائے گا اگر یہ ضروری نہ ہو تو پھر آج شام تک منتقلی کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جن افراد میں وائرس نہیں ہے انہیں ہراساں کرنے کی ضرورت نہیں کیوں کہ ان کے افراد خاندان کو پہلے ہی کورنٹائن سنٹر منتقل کیا جاچکا ہے۔ اسی دوران نظام آباد اور عادل آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گاندھی ہاسپٹل منتقل کرنے سے قبل کئی افراد کا ٹسٹ پازیٹیو بتایا گیا لیکن حیدرآباد میں ٹسٹ نیگٹیو تھا۔ کورونا ٹسٹ کے بارے میں کئی افراد میں شبہات پائے جاتے ہیں۔ سینکڑوں کی تعداد میں مشتبہ افراد کے رشتہ داروں کو آئیسولیشن سنٹرس میں کسی وجہ کے بغیر رکھا گیا ہے۔ ان حالات میں حکومت کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ تبلیغی جماعت سے تعلق کے سبب کسی کو ہراسانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہفتے کو وزیراعظم نریندر مودی کورونا مسئلہ سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے چیف منسٹرس سے ویڈیو کانفرنس کریں گے۔ ریاستوں کے وزرائے داخلہ اور صحت اس موقع پر موجود رہیں گے۔ محمود علی نے بتایا کہ ویڈیو کانفرنس کے دوران تجویز پیش کریں گے کہ لاک ڈائون میں غیر مقامی افراد کو اپنے آبائی مقام منتقلی کی رعایت دی جانی چاہئے۔