وائرس سے فوت ہونے والے صحافیوں کو پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا

   

مرکزی حکومت کی اسکیم ، ملک گیر سطح پر 67 صحافیوں کو معاوضہ کی منظوری
حیدرآباد۔ کورونا وائرس کے سبب فوت ہونے والے صحافیوں کے افراد خاندان کو مرکزی حکومت کی جانب سے 5لاکھ روپئے بطور ایکس گریشیاء دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے تاحال 67 صحافیوں کو ملک بھر میں معاوضہ کی منظوری عمل میں لائی جاچکی ہے۔ مرکزی وزارت اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے گذشتہ یوم جاری کئے جانے والے احکامات میں 26 صحافیوں کو جو کورونا وائرس سے فوت ہوئے ہیں ان کیلئے 5لاکھ کی امداد کی اجرائی کو منظوری دی گئی ہے اور سابق میں 41 صحافیوں کی اموات کے بعد ان کے افراد کو 5لاکھ روپئے فی کس اجرائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق مرکزی حکومت نے کورونا وائرس سے فوت ہونے والے صحافیوں کی تفصیلات کے حصول کے علاوہ ان کے افراد خاندان سے رابطہ کی کوششوں کو آغاز کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ مرکزی حکومت کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے عہدیداروں کی جانب سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے وزارت کو روانہ کی جا رہی ہیں اور مرکزی وزیر آئی اینڈ پی آر مسٹر پرکاش جاؤڈیکر کی جانب سے متوفی صحافیوں کے افراد خاندان کو فوری ایکس گریشیاء کی منظوری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مرکزی وزارت انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن کے سیکریٹری مسٹر امیت کھارے نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران صحافیوں کی اموات کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند نے از خود کاروائی کرتے ہوئے صحافی کی کورونا وائرس سے موت کی صورت میں اس کے افراد خاندان کو 5لاکھ روپئے معاوضہ کی ادائیگی کو منظوری دی ہے اور یہ معاوضہ متوفی صحافیوں کے افراد خاندان کو جرنلسٹ ویلفیر اسکیم کے ذریعہ ادا کیا جا رہاہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ سال 2020اور 2021کے دوران جملہ 67 صحافیوں کی موت واقع ہوئی ہیں جن کی مکمل تفصیلات وزارت کو حاصل ہوچکی ہیں اور ان تمام کو معاوضہ کی منظوری و اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کے وزارت اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے متوفی صحافیوں کے افراد خاندان سے کسی درخواست کی وصولی کے بغیر ان سے راست رابطہ قائم کرتے ہوئے ان تک معاوضہ پہنچانے کے اقداما ت کر رہا ہے تاکہ صحافیوں کے افراد خاندان کو درخواست کے ادخال یا دیگر امور کی تکمیل کی زحمت نہ ہو اور وزارت کی جانب سے مختلف ذرائع کے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔