وائرس کے خطرات کا درست اندازہ نہیں لگایاگیا: ای یو

   

برسلز ، 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یورپی یونین (ای یو) کی صدر اْرزلا فان ڈیر لاین نے اعتراف کیا ہے کہ یورپی سیاسی قیادت کورونا وائرس کے خطرات کو درست انداز سے بھانپنے میں ناکام رہی۔ آج ایک جرمن اخبار سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاست دان جو اس شعبے کے ماہر نہیں ہیں، انہوں نے کورونا وائرس کے خطرات کا درست انداز نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ دو یا تین ہفتے قبل جن اقدامات کو نہایت تکلیف دہ قرار دیا جا رہا تھا، اب ان کے اٹھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ فان ڈیر لائن نے تاہم فرانسیسی صدر میکرن کی جانب سے کورونا وائرس کو ان دیکھے دشمن قرار دینے سے اتفاق نہیں کیا۔ فان ڈیر لائن نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر وائرس کیلئے یہ اصطلاح استعمال نہیں کریں گی، تاہم انہوں نے وائرس کے انسداد کیلئے فرانسیسی صدر کے عزم کی تعریف کی۔