ضلع کلکٹر شیشانک، پولیس کمشنر وی کملاسن ریڈی، بلدی کمشنر کی پریس کانفرنس
کریم نگر۔/29 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے مکمل انسداد کیلئے ضلع کے عوام مزید دو تین ہفتے چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ اس بات کی ہدایت کلکٹر کریم نگر شیشانک نے دی اور کہا کہ احتیاط نہ برتی جانے پر وائرس کے پھیل جانے کا شدید خطرہ ہے۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی عمل آوری کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرششانک، پولیس کمشنر وی بی کملاسن ریڈی ، میونسپل کارپوریشن کمشنر کرانتی نے کریم نگر کے مختلف مقامات کا خصوصی دورہ کیا ۔ بعد ازاں ناگا چوراہا ( سالار چوک ) کے پاس میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انڈو نیشیا سے تبلیغی جماعت کے 10 اوراد کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والے ایک شخص کو بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوجانے کا مثبت نتیجہ ظاہر ہوجانے پر انہیں حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل میں منتقل کردیا گیا۔ فی الحال ان کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ کریم نگر ضلع دواخانہ میں 200 افراد کو کورونا وائرس سے متاثر ہوجانے کے شبہات پر منتقل کرنے کیلئے خصوصی وارڈ تیار رکھے گئے ہیں۔ اس موقع پر پولیس کمشنر وی کملاسن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے اور ساتھ ہی شام 7 بجے تا صبح 6 بجے کرفیو کی عمل آوری ہورہی ہے۔ عوام اشیائے ضروریہ کے علاوہ بلا وجہ باہر مت نکلیں۔ میونسپل کمشنر کرانتی نے بھی اس موقع پر مخاطب کیا اور کہا کہ کورونا وائرس کے انسداد کیلئے ضروری احتیاطی اقدامات روبہ عمل ہیں اور اس موقع پر پولیس بلدیہ کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔