واشنگٹن ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چین میں مہلک وباء کورونا وائرس نے تباہی مچارکھی ہے۔ یہ وائرس دھیرے دھیرے دیگر ملکوں تک پھیلتا جارہا ہے۔ امریکی جاسوس ایجنسیوں نے وائرس کے پھیلاؤ پر نظر رکھی ہوئی ہے اور انہوں نے ہندوستان کے تعلق سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی انٹلیجنس ایجنسیوں کی توجہ ایران پر بھی ہے جہاں ملک کے نائب وزیرصحت اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ امریکی ایجنسیوں کو اس بات پر فکرمندی ہیکہ کئی حکومتیں کورونا وائرس سے نمٹنے کی اہل نہیں ہے۔ ہندوستان میں اگرچہ ابھی چند معاملے منظرعام پر آئے ہیں لیکن ایک ذریعہ کا کہنا ہیکہ ملک میں اس کے انسداد کیلئے معقول تیاری نہیں ہے اور اگر یہ وائرس ہندوستان کی گنجان آبادی میں پھیل جائے تو سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اس ہفتہ کے اوائل کہا تھاکہ امریکہ کو ایران کے تعلق سے بھی گہری تشویش ہے جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ایران کے انسداد ی اقدامات بھی غیرمؤثر ہیں۔
