وائس آف امریکہ کی دو اعلیٰ عہدیدار مستعفی

   

واشنگٹن ۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) وائس آف امریکہ (وی اے او) کی ڈائریکٹر امینڈا بینیٹ اور ان کی نائب سینڈرا سوگاوارا سن 2016 سے امریکی حکومت کی آزاد نیوز ایجنسی کی قیادت کر رہی تھیں۔ انہوں نے ایسے وقت استعفیٰ دیا، جب صدر ٹرمپ نے مائیکل پیک کو ادارے کی سربراہی کے لیے منتخب کیا اور سینیٹ سے منظوری کے بعد انہوں نے یو ایس ایجنسی برائے گلوبل میڈیا کے چیف ایکزیکٹیو کا عہدہ سنبھال لیا۔ وائس آف امریکہ اسی ایجنسی کے تحت کام کرتا ہے۔مستعفی ہونے والی دونوں خواتین عہدیدار بینیٹ اور سوگا وارا کہنہ مشق صحافی ہیں جو 2016 میں وی اے او سے منسلک ہوئیں۔ انہوں نے امریکی حکومت کی اس آزاد نیوز ایجنسی سے 47 زبانوں میں نشر ہونے ریڈیو اور ٹیلی ویژن پروگراموں میں وسعت اور گیرائی پیدا کی۔ اس کے علاوہ ڈیجٹل میڈیا اور ویب سائٹس پر بھی خبروں اور منفرد فیچرز کی نشر و اشاعت کی نگرانی کی۔وی اے او کے اسٹاف کے نام اپنے الوداعی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پچھلے چار برسوں کے دوران وی اے او کی نشریات کا معیار مزید بلند ہوا۔ آپ نے پوری دنیا میں غیر حقیقی اور گمراہ کن اطلاعات کے خاتمے کے لیے اپنی توجہ مرکوز رکھی۔انہوں نے کہا کہ نئے چیف ایکزیکٹیو مائیکل پیک نے کانگریس کے سامنے حلف اٹھایا ہے کہ وہ اس فائر وال یا حدود و قیود کی تعظیم اور پابندی کریں گے جو وی اے او کی آزادی کی ضامن ہے۔ ہمارے انہیں اصولوں کی وجہ سے پوری دنیا میں ہمارے سامعین اور ناظرین ہم پر اعتماد کرتے ہیں۔