ہائی کورٹ میں درخواست، حکومت اور وائس چانسلرس کو نوٹس
حیدرآباد۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کاکتیہ اور تلگو یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کو نوٹس جاری کی ہے۔ دونوں یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقرر کے خلاف ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی جس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی نے دونوں وائس چانسلرس کو نوٹس جاری کی ہے۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ کاکتیہ اور تلگو یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقرر میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ کاکتیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو تدریس کا 10 سالہ تجربہ نہیں ہے جبکہ تلگو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی عمر 70 سال سے تجاوز کرچکی ہے۔ ہائیکورٹ نے اس سلسلہ میں ریاستی حکومت اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سے وضاحت طلب کی ہے ۔ عدالت نے وائس چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی رمیش اور وائس چانسلر تلگو یونیورسٹی کشن راؤ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ اندرون 4 ہفتے حلفنامہ داخل کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 27 اکتوبر کو ہوگی ۔