چیف منسٹر کے سی آر کاارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس، اسمبلی اجلاس کیلئے حکمت عملی پر غور
حیدرآباد۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ریاست میںیونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کے تقرر کے عمل میںتیزی پیداکرنے کی متعلقہ عہدیدروں کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرچ کمیٹیوں کا قیام پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے اور وہ وائس چانسلر س کے تقررکا کام کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث وائس چانسلرس کے تقرر کے عمل میں کچھ تاخیر ہوئی ہے۔ کے سی آر نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو وائس چانسلرس کے تقررات کو مزید کسی تاخیر کے مکمل کرنے کی نگرانی کی ہدایت دی ہے۔چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں کئی ارکان اسمبلی کے ساتھ آج ایک اجلاس منعقد کیا جس میں 7 ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس کیلئے حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے اس خیال کا اظہار کیا کہ ایوان میں عوامی مسائل پر مباحث کئے جانے چاہیئے جبکہ حکومت کے مختلف عوامی و فلاحی پروگراموں پر بھی مذاکرات ہونے چاہیئے۔اجلاس میں ریاستی وزیر پی اجئے کمار، وہپس جی سنیتا،آر کانتا راؤ ، سابق وزیرسری لکشما ریڈی، ارکان اسمبلی باجی ریڈی گوردھن، سی دھرما ریڈی، گنیش گپتا، ایس وینکٹ ویریا اور دوسروں نے شرکت کی۔اطلاعات کے مطابق 7 ستمبر سے شروع ہونے والے تلنگانہ اسمبلی اجلاس کیلئے اپوزیشن خاص طور پر کانگریس پارٹی کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے میں ناکامی کے بشمول مختلف اُمور پرحکومت کو گھیرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔