وائس چانسلر اردو یونیورسٹی ڈاکٹر اسلم پرویز کا استعفیٰ منظور

   

28 فروری سے عمل آوری
حیدرآباد ۔25۔ فروری (سیاست نیوز) مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل نے وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے ۔ 28 فروری سے استعفیٰ پر عمل آوری ہوگی ۔ وزارت فروغ انسانی وسائل کے انڈر سکریٹری ایس کے بسواس نے رجسٹرار مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے استعفیٰ کی قبولیت کی اطلاع دی ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے 31 اکتوبر 2019 ء اور 22 جنوری 2020 ء کو یونیورسٹی کے وزیٹر صدر جمہوریہ ہند مکتوب استعفیٰ روانہ کر تے ہوئے 28 فروری سے عمل آوری کی درخواست کی ۔ صدر جمہوریہ نے یونیورسٹی کے وزیٹر کی حیثیت سے ڈاکٹر اسلم پرویز کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے اور انہیں 28 فروری کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا جائے گا۔ مکتوب میں کہا گیا کہ یونیورسٹی قواعد کے مطابق اسلم پرویز اپنا چارج حوالے کریں گے ۔ اس سلسلہ میں رجسٹرار سے ضروری کارروائی کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی کے چانسلر فیرو ز بخت سے مسلسل اختلافات کے سبب اسلم پرویز نے استعفیٰ دے دیا ۔ فیروز بخت نے اسلم پرویز کے انداز کارکردگی پر سوال اٹھائے اور کئی بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا۔