بڈگام میں یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر، مختلف زبانوں کے کورسس کی تجویز
حیدرآباد۔24 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی پروفیسر سید عین الحسن نے سری نگر میں لیفٹننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ انہوں نے یونیورسٹی میں اردو کے فروغ کے لئے تعلیمی اور تحقیقی پروگراموں سے واقف کرایا ۔ لیفٹننٹ گورنر نے فاصلاتی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے مزید وسعت دینے کی صلاح دی۔ گورنر نے بڈگام علاقہ میں مانو کے کیمپس کی تعمیر اور ترقی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے طلبہ کی رائے کو ملحوظ رکھتے ہوئے معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے کا مشورہ دیا ۔ پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ بڈگام میں کیمپس کی تعمیر کے لئے حکومت کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ تعمیری کاموں کا بہت جلد آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن فنڈنگ ایجنسی سے تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کیمپس کی تعمیر کے بعد داخلوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ یو جی سی سے اجازت حاصل کرتے ہوئے فارن لینگویجس کا شعبہ قائم کرنے کی تجویز ہے جس میں فارسی ، عربی ، جرمن اور چینی زبانوں کی تعلیم کا انتظام رہے گا۔ وائس چانسلر نے سری نگر میں قومی اردو سائنس کانگریس کے اجلاس سے خطاب کیا اور کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ فارسی کا دورہ کیا۔ ر