وائناڈ جانے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں: راہول

   

نئی دہلی : لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈڑ راہول گاندھی نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کا کیرالہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ وائناڈ کا دورہ کرنے کے ان کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تباہی کو دیکھتے ہوئے وہ اسے قومی تباہی کا اعلان کریں گے ۔ راہول گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر لکھا کہ شکریہ مودی جی، تباہی خیز سانحہ کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کے لئے وائناڈ آنے کے لئے ۔ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ ایک بار جب وزیر اعظم تباہی کی شدت کو خود دیکھ لیں گے تو وہ اسے قومی آفت اعلان کریں گے ۔ وزیر اعظم نے ہفتہ کو وائناڈ کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے راحت اور باز آباد کاری کے کاموں کا جائزہ لیا اور آفت سے بچ جانے والوں سے بات چیت بھی کی ۔ وہ صبح 11 بجے کے قریب کنور پہنچے اور لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ علاقے کا فضائی سروے کیا ۔ راحت رسانی مہم میں شامل ٹیموں نے وزیراعظم کو انخلاء کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ اپنے سابقہ پارلیمانی حلقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعہ کے بعد راہول گاندھی نے پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا دورہ اور صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔
انہوں نے لوک سبھا میں بھی یہ معاملہ اٹھایا اور حکومت سے اپیل کہ وہ اسے قومی آفت اعلان کریں۔