نئی دہلی :وائناڈ میں 30 جولائی کو پیش آئے لینڈ سلائڈنگ کے دردناک واقعہ میں مہلوکین کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے اور کم و بیش 225 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تقریباً 180 لوگ لاپتہ بھی ہیں جن کی تلاش کے لیے مہم جاری ہے۔ اس درمیان کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک خط لکھا ہے
جس میں وائناڈ کے لیے مدد کا مطالبہ کیا گیاہے۔ترووننت پورم سے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے اس خط میں امیت شاہ سے وائناڈ لینڈ سلائڈنگ واقعہ کو سنگین قدرتی آفت قرار دینے کی گزارش کی ہے۔ انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ 30 جولائی کی شب کیرالہ کے وائناڈ میں لینڈ سلائڈنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں سینکڑوں لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس میں کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ لینڈ سلائڈنگ کے بعد سے کئی لوگ غائب بھی ہیں اور کچھ ملبہ میں دبے ہوئے ہیں۔ تھرور نے اس واقعہ پر اظہارِ غم کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ اس حادثہ نے موت اور تباہی کی ایک خوفناک کہانی پیچھے چھوڑی ہے۔ مسلح افواج، کوسٹ گارڈ فورس، این ڈی آر ایف اور دیگر ایجنسیاں راحت کاری کے عمل میں مصروف ہیں۔امیت شاہ کو لکھے گئے اس خط میں تھرور نے کہا کہ اس لینڈ سلائڈنگ نے بے شمار زندگیوں پر قہر برپا کیا ہے۔ ایسے میں وائناڈ کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنی ضروری ہے۔ اس خوفناک حادثہ کو ’سنگین قدرتی آفت‘ قرار دیا جائے تاکہ اراکین پارلیمنٹ کو متاثرہ علاقوں کیلئے اپنے ایم پی ایل ڈی ایس فنڈ سے ایک کروڑ روپے تک کے کاموں کی سفارش کی جا سکے۔یہ بچاؤ اور راحت کاری کے عمل میں اہم تعاون ثابت ہوگا۔