راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کا چیف منسٹر سدارامیا سے اظہار تشکر
نئی دہلی: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے ہفتے کو اعلان کیا کہ کرناٹک حکومت لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ وائناڈ میں متاثرین کیلئے 100 مکانات تعمیر کرے گی۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اس اعلان کے لئے وزیر اعلیٰ سدارمیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔سدارمیا کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ آپ کی وابستگی وائناڈ میں حالات کی بحالی کی کوششوں کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔ہندوستانیوں کی ہمدردی اور یکجہتی کی اس وقت ضرورت ہے۔دریں اثنا، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کرناٹک حکومت کے اس اقدام کیلئے وزیر اعلیٰ سدارمیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ پر لکھا کہ میں وزیر اعلیٰ سدارمیا اور کرناٹک کے عوام کا ہمدردی اور انسانیت کے اس اقدام کے لئے شکریہ ادا کرتی ہوں۔سدارمیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ وائناڈ میں ہوئے تکلیف دہ لینڈ سلائڈ کے پیش نظر کرناٹک کیرالا کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ میں نے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین کو حمایت کا بھروسہ دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ کرناٹک متاثرین کے لئے 100 مکانات تعمیر کرے گا۔ ہم ایک ساتھ مل کر از سر نو تعمیر کرتے ہوئے امیدوں کو بحال کریں گے۔واضح رہے کہ 30 جولائی کی صبح وائناڈ ضلع میں زبردست لینڈ سلائڈنگ کے نتیجہ میں تقریباً 344 افراد ہلاک اور 500 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ وہاں تقریباً 300 لوگ لاپتہ بھی ہیں۔ ریسکیو کارکنوں کو تباہ شدہ گھروں اور عمارتوں میں سرچ آپریشن کے دوران پانی کے جماؤ اور کیچڑ سمیت مشکل حالات کا سامنا ہے۔کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے ہفتہ کو کہا کہ وائناڈ آفت سے متاثرہ علاقے میں بچاؤ آپریشن آخری مراحل میں ہے۔ سب کو محفوظ مقامات پر لے جانے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ حکومت نے 148 متاثرین کی نعشیں ان کے لواحقین کے حوالے کر دی ہیں جبکہ 10ہزار سے زیادہ افراد اس وقت ریلیف کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔