جمہوری طاقتوں کے استحکام میں پرینکا گاندھی کا اہم رول، نائب صدر کانگریس جی نرنجن کا بیان
حیدرآباد۔/18 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے وائیناڈ لوک سبھا حلقہ سے پرینکا گاندھی کے مقابلہ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی نے کانگریس کی روایتی لوک سبھا نشست رائے بریلی کو برقرار رکھتے ہوئے کیرالا کی وائیناڈ نشست سے استعفی کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اس نشست پر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔ پرینکا گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے موقف کو بہتر بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا اور پارٹی نے وائیناڈ کیلئے موزوں شخصیت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ سے نہ صرف وائیناڈ بلکہ جنوبی ہند کے عوام میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ پرینکا گاندھی پہلی مرتبہ انتخابی سیاست میں حصہ لے رہی ہیں اور کانگریس کو یقین ہے کہ وہ وائیناڈ سے ریکارڈ اکثریت سے کامیاب ہوں گی۔ راہول گاندھی نے گذشتہ 10 برسوں میں ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے اور جمہوری طاقتوں کے استحکام کیلئے جدوجہد کی۔ راہول گاندھی کی مساعی کے نتیجہ میں جمہوری طاقتوں کو استحکام حاصل ہوا۔ پرینکا گاندھی نے ملک بھر میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ وائیناڈ سے مقابلہ کا موقع فراہم کرتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے پرینکا گاندھی کو رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا ہے۔ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی مہم کے نتیجہ میں بی جے پی 240 نشستوں تک محدود ہوگئی اور اسے حلیف پارٹیوں کی مدد سے حکومت تشکیل دینے پر مجبور ہونا پڑا۔1