واشنگٹن ۔ 21 اکٹوبر (ایجنسیز) امریکی وائٹ ہاؤس کے قدیم مشرقی ونگ کے ایک حصے کو مسمار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ وہاں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی نئے “ہال آف سیلیبریشن” (تقریبوں کی عمارت) تعمیر کی جا سکے۔ منصوبہ کا اعلان ٹرمپ نے جولائی میں تھا اور اس پر تقریباً 25 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔ امریکی صدر کے مطابق یہ خرچ وہ خود اور ان کے چند عطیہ دہندگان اٹھائیں گے۔پیر کے روز بھاری تعمیراتی مشینری کو عمارت کے اگلے حصے کو منہدم کرتے دیکھا گیا۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں خاتونِ اول کے دفاتر، ایک تھیٹر اور غیر ملکی مہمانوں کے استقبال کا داخلی دروازہ واقع ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ نئی عمارت اصل وائٹ ہاؤس سے متصادم نہیں ہو گی بلکہ اس کے قریب بنے گی اور عمارت کے تاریخی ڈیزائن کا احترام برقرار رکھا جائے گا۔ ٹرمپ کے مطابق “یہ بہت خوب صورت ہو گی، میں وائٹ ہاؤس کا مداح ہوں، یہ میری پسندیدہ عمارت ہے۔”وائٹ ہاؤس نے اس تعمیراتی عمل پر کسی تبصرے سے انکار کیا ہے۔ تاہم ٹرمپ نے اعلان کیا کہ پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ انھوں نے لوئیزیانا اسٹیٹ یونیورسٹی کے بیس بال کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہم بالکل پیچھے ایک نیا ہال بنا رہے ہیں۔
شاید آپ تعمیراتی آوازیں سن رہے ہوں۔”ٹرمپ کے مطابق مستقبل کی تقریبات ایسٹ روم میں مشروبات کے ساتھ شروع ہوں گی، جس کے بعد مہمان اس نئے ہال میں جائیں گے جو واشنگٹن میموریل کے نظارے کے ساتھ 999 افراد کیلئے گنجائش رکھے گا۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ “یہ ملک کا سب سے شان دار ہال” ہو گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر ٹرمپ نے لکھا کہ مشرقی وِنگ کی مکمل ازسرِنو تزئین جاری ہے اور جب یہ مکمل ہوگا تو “پہلے سے کہیں زیادہ خوب صورت” نظر آئے گا۔ٹرمپ صدر بننے سے پہلے ریئل اسٹیٹ ڈیولپر تھے، وہ وائٹ ہاؤس میں پہلے بھی سنہری سجاوٹ اور روز گارڈن کی نئی تزئین جیسی کئی تبدیلیاں کر چکے ہیں۔موجودہ مشرقی وِنگ 1942 میں صدر فرینکلن روزویلٹ کے دور میں تعمیر ہوا تھا، مگر وقت کے ساتھ یہ مہمانوں اور عملے کی بڑھتی ہوئی تعداد کیلئے نا کافی ثابت ہو رہا ہے۔ٹرمپ کا امریکہ میں تقریبات کے”سب سے شان دار”ہال کی تعمیر کا منصوبہ،وائٹ ہاؤس میں کام شروع