وائیٹ ہاؤس میں ٹرمپ دیوالی منانے کی روایت پر قائم

,

   

واشنگٹن ۔ 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ جمعرات کو وائیٹ ہاؤس میں ہندوؤں کے روشنی کے تہوار دیوالی کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد کریں گے۔ اس طرح ٹرمپ کی وائیٹ ہاؤس میں یہ تیسری دیوالی ہوگی۔ دیوالی منانے کی روایت ان کے پیشرو بارک اوباما کے زمانے میں 2009ء میں شروع کی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ٹرمپ وائیٹ ہاؤس میں ایک روایتی دیا جلا کر دیوالی تقریبات کا آغاز کریں گے جبکہ اب تک تقریب کی مکمل تفصیلات حاصل نہیں ہوئی ہیں۔ 2017ء میں اوول آفس میں ٹرمپ نے سب سے پہلے دیوالی منائی تھی اور اس وقت وائیٹ ہاؤس میں ہندوستانی نژاد امریکی خاندانوں کا ایک سلیکٹ گروپ اور ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ گذشتہ سال وائیٹ ہاؤس کے روز ویلٹ روم میں ٹرمپ نے اس وقت کے ہندوستانی سفیر متعینہ نوتیج سنگھ سرنا کو مدعو کیا تھا۔ دریں اثناء تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امریکہ میں دیوالی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ٹیکساس گورنر گریگ اباٹ نے ہفتہ کے روز ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ دوسری طرف ٹیکساس کے ری پبلکن کانگریس مین پیٹ اولسن نے بھی سوامی نارائن مندر میں دیوالی منانے کے بارے میں ٹوئیٹ کیا۔ 2017ء اور 2018ء کی دیوالی تقریبات میں صدر ٹرمپ نے وزیراعظم ہند نریندر مودی سے اپنی دوستی کا حوالہ بھی دیا تھا اور ہند ۔ امریکہ دوستی کا تذکرہ بھی کیا تھا۔ یہاں یہ بات بھی قابل غور ہیکہ امریکہ کی ایک غیرمنفعت بخش سماجی و ثقافتی ہندو تنظیم نے امریکہ کے 35 مقامات پر وجئے دشمی منایا جس میں سات ہزار سے زائد نوجوانوں اور بچوں نے حصہ لیا جس کا سلسلہ ماہ اکٹوبر کے پہلے دہے سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ تنظیم ہندو سویم سیوک سنگھ (MSS) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر ہندوستانی نژاد امریکی کانگریس مین راجہ کرشنا مورتی نے اپنے خطاب کے دوران دنیا کو واسودیو کٹنبکم (پوری دنیا ایک خاندان ہے) قرار دیا اور کہا کہ اس خاندان کی دیکھ بھال اور حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اسی نوعیت کے آفاقی اقدار کی ضرورت ہے۔ تقریبات میں یوگا، ہندوستانی روایتی کھیلوں جیسے کھوکھو اور کبڈی اور گھوش سنچالن (مارچنگ بینڈ) کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اتفاق کی بات ہیکہ جاریہ سال وجئے دشمی 2 اکٹوبر تا 12 نومبر کے درمیان ہے۔ 2 اکٹوبر مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش ہے جبکہ 12 نومبر گرونانک دیو کی 550 ویں یوم سالگرہ کے طور پر منائی جائے گی۔