وائی ایس آرکانگریس اور جناسینا پارٹی کارکنوں میں سنگباری اور لاٹھیوں سے حملہ

   

حیدرآباد 12 جنوری (یو این آئی) آندھراپردیش کی حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس اور جناسینا پارٹی کے کارکنوں میں سنگباری اور لاٹھیوں سے حملہ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں کاکناڈا میں کشیدگی دیکھی گئی۔جناسینا کے صدر پون کلیان پر کاکناڈا کے رکن اسمبلی ڈی چندرشیکھرریڈی کی جانب سے مبینہ طورپر نامناسب ریمارکس پر احتجاج کرتے ہوئے ضلع کے بھانوگُڑی سنٹر پر جناسینا کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔بعد ازاں یہ کارکن رکن اسمبلی کی قیامگاہ کے محاصرہ کے لئے روانہ ہوئے تاہم پولیس نے ان کو روک دیا۔اسی دوران بعض کارکن رکن اسمبلی کے مکان کے قریب پہنچ گئے جہاں ان کا سامنا وائی ایس آرکانگریس کے کارکنوں سے ہوگیا۔اس موقع پر دونوں گروپس نے ایک دوسرے پر سنگباری کی اور لاٹھیوں سے حملہ کیا۔اس علاقہ میں صورتحال کو کشیدہ ہوتا دیکھ کر پولیس کی اسپیشل برانچ کو وہاں تعینات کردیاگیا۔جناسینا کے کارکنوں نے رکن اسمبلی کو گرفتار کرنے کامطالبہ کیا۔