وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے امیدواروں کی فہرست اجرائی میں دو دن کی تاخیر

   

حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسمبلی و لوک سبھا کیلئے پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے سے قبل ازیں کئے ہوئے فیصلہ کو ملتوی کردیا اور بتایا جاتا ہے کہ جگن موہن ریڈی نے اب امیدواروں کی پہلی فہرست 16 مارچ کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی میں مختلف قائدین کی شمولیت کیلئے تعین کردہ مہورت کا وقت ختم ہوجانے کے پیش نظر ہی فہرست کی اجرائی کو ملتوی کردیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جگن موہن ریڈی 16 مارچ کو پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست اپنے آبائی مقام ’’ ایڈوپولہ پایہ ‘‘ ( ضلع کڑپہ ) میں جاری کریں گے ۔ بلکہ اسی دن جگن موہن ریڈی وائی ایس گھاٹ پہونچکر اپنے والد ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور وہیں سے اپنی انتخابی مہم کا بھی آغاز کریں گے ۔وائی ایس آر کانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست آج یعنی 13 مارچ کو صبح 10.20 بجے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ جملہ 175 اسمبلی اور 25 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ پہلی فہرست میں 100 اسمبلی اور 15 لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے کا وائی ایس جگن موہن ریڈی نے فیصلہ کیا تھا ۔ لیکن لمحہ آخر میں اپنے اس فیصلہ کو ملتوی کردیا ۔