شرمیلا حلقہ پالیر سے قسمت آزمائیں گی، ضرورت پر وجیہ اماں اور انیل کمار کا بھی مقابلہ پر غور
حیدرآباد: 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی نے ریاست کے 119 حلقوں میں مقابلہ کرنے کا اعلان کرکے پارٹی کیڈر کو انتخابات کیلئے کمربستہ ہوجانے کا مشورہ دیا۔ سربراہ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی شرمیلا نے ضلع کھمم کے اسمبلی حلقہ پالیر سے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک اور حلقہ بھی مقابلہ پر سنجیدگی سے غور کررہی ہیں۔ ضرورت پر ان کی والدہ وجیہ لکشمی اور شوہر انیل کمار بھی مقابلہ کرسکتے ہیں۔ شرمیلا نے اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کی کوشش کی۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے بھی ملاقات کی تھی تاہم کانگریس اور وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی میںبات چیت ناکام ہونے کے بعد شرمیلا نے تمام 119 حلقوں سے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر ریاستی عاملہ کا اجلاس طلب کیا۔ پارٹی میں اتفاق رائے کے بعد تلنگانہ انتخابات میں تنہا مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ مقابلہ کرنے کے خواہشمند پارٹی قائدین کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے تیاری کی ہدایت دی ہے اور پارٹی منشور کی تیاری کے لئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ شرمیلا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کرنے اور مخالف حکومت ووٹ کو تقسیم ہونے سے بچانے کانگریس سے مل کر کام کرنے پر غور کیا گیا تھا۔ چار ماہ تک کانگریس کے فیصلے کا انتظار کیا گیا۔ کانگریس سے واضح جواب نہ ملنے پر دوبارہ وائی ایس آر فلاحی حکمرانی تشکیل دینے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی جمعہ سے عوام کے درمیان پہنچ جائے گی۔ن