امراوتی ۔ وائی ایس آر کانگریس کے باغی رکن پارلیمنٹ ( نرسا پورم ) کے رگھوراما کرشنم راجو کو آج چھٹے اڈیشنل منصف مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ انہیں ریاستی سی آئی ڈی نے غداری کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ راجو آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس حکومت کے کٹر ناقد بن گئے تھے اور انہوں نے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو غیر محسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے تک کا مطالبہ کیا تھا ۔ وہ مسلسل کچھ ٹی وی چینلوں پر بھی پیش ہوتے رہے ہیں جن کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ یہ چینلس تلگودیشم پارٹی اور اس کے صدر این چندرا بابو نائیڈو کی تائید و حمایت کرتے ہیں۔ وہ ٹی وی چینلوں پر بھی حکومت کے خلاف ریمارکس کرتے رہے ہیں۔ جمعہ کو انہیں حیدرآباد میں ان کی قیامگاہ سے سی آئی ڈی نے گرفتار کیا تھا اور ان پر غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ ان پر فرقہ وارانہ تشدد بھڑکانے اور مجرمانہ سازش رچنے جیسے الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں۔اس دوران کرشنم راجو نے ضمانت کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی تھی جس پر عدالت نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ضمانت کیلئے نچلی عدالت سے رجوع ہوں۔