حیدرآباد: سپریم کورٹ نے وائی ایس آر کانگریس کے باغی ایم پی رگھورام راجو کو ضمانت منظور کی ہے ۔ سپریم کورٹ نے درخواست پر فریقین کی سماعت کی اور مشروط ضمانت منظور کی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ایک لاکھ روپئے کے شوریٹی بانڈ اور دو افراد کی ضمانت پر بیل منظور کی گئی ۔ عدالت نے کہا کہ گنٹور سی آئی ڈی عدالت میں شرائط کی تکمیل کرکے ضمانت حاصل کی جاسکتی ہے ۔ عدالت نے ہدایت دی کہ ضمانت کے دوران تحقیقاتی افسر کی طلبی پر حاضر ہوں۔ وکیل کی موجودگی میں تحقیقات کی جائیں ۔ مقدمہ پر میڈیا سے بات نہ کی جائے ۔ تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کریں اور میڈیا اور سوشیل میڈیا پر انٹرویوز نہ دیں۔ سابق میں زخموںکی جس طرح نمائش کی گئی دوبارہ ایسا نہ کیا جائے ۔ عدالت نے شرائط کی خلاف ورزی پر سنگین نتائج کی دھمکی دی ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں سی آئی ڈی نے رکن پارلیمنٹ کو گرفتار کیا تھا۔ ان پر آئی پی سی کی دفعات
120 ، 124-A ، 153-A
اور 505 کے تحت مقدمات درج کئے گئے ۔ ایم پی نے سی آئی ڈی تحویل میں اذیت کی شکایت کی جس پر سپریم کورٹ نے آرمی ہاسپٹل سکندرآباد میں جانچ کی ہدایت دی۔ ڈاکٹرس نے رپورٹ سپریم کورٹ روانہ کردی ہے۔