وائی ایس آر کانگریس تلنگانہ میں شمولیت کی اطلاعات کی تردید

   

Ferty9 Clinic

میں نے انیل کمار سے ملاقات نہیں کی،رکن اسمبلی ڈاکٹر راجیا کی وضاحت
حیدرآباد۔9 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور ٹی آر ایس رکن اسمبلی ڈاکٹر ٹی راجیا نے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے لوٹس پاؤنڈ میں شرمیلا کے شوہر انیل کمار سے ملاقات سے متعلق تصویر کے سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لوٹس پانڈ میں انیل کمار سے کوئی ملاقات نہیں کی۔ پرانی تصویر کو سوشیل میڈیا میں وائرل کرتے ہوئے مفادات حاصلہ ان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ لوٹس پانڈ جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاحیات ٹی آر ایس میں برقرار رہیں گے۔ 2019 ء میں عیسائیوں کے ایک پروگرام میں انہوں نے انیل کمار سے ملاقات کی تھی اور اس وقت کی تصویر کو ان کے مخالفین وائرل کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس تلنگانہ میں شمولیت کا پرچار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹی آر ایس میں برقرار رہیں گے اور مخالفین کی مہم پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ راجیا نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد سے چیف منسٹر کے سی آر نے انہیں ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرتے ہوئے غیر معمولی عزت و توقیر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری پسند سے وزارت صحت کا انچارج مقرر کیا گیا تھا۔ قانون ساز کونسل میں ریاست کا بجٹ پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ کے سی آر کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں وہ رکن اسمبلی برقرار ہے۔ راجیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی دلتوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ دلتوں کے حقیقی ہمدرد کے سی آر ہیں۔ انہوں نے دلت بندھو اسکیم کو کے سی آر کا کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ ملک میں ایسی اسکیم کسی بھی ریاست میں نہیں ہے ۔ راجیا نے کڈیم سری ہری کے ساتھ اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ وہ سری ہری کو اپنے لئے ایک مثال سمجھتے ہیں جنہوں نے غیر معمولی عوامی خدمات کا کارنامہ انجام دیا ہے۔