اپوزیشن کے رویہ پر تنقید، رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی کی وضاحت
حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کی برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے توقع کے مطابق پارلیمنٹ میں مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل اندازی کو وائی ایس آر کانگریس کی تائید حاصل نہیں ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے منی پور کی صورتحال پر مباحث اور جواب دینے سے اتفاق کیا ہے۔ منی پور کی صورتحال ملک کا داخلی لاء اینڈ آرڈر معاملہ ہے اور یہ مسئلہ مرکزی وزارت داخلہ کے تحت ہے۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے دونوں ایوانوں کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے سے کوئی فائدہ نہیں۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ حالات سب کچھ ٹھیک ہیں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپوزیشن کی تحریک کی تائید نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش کی اہم اپوزیشن تلگودیشم نے ابھی تک تحریک عدم اعتماد پر اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے۔ آندھرا پردیش میں اگرچہ بی جے پی کا موقف مستحکم نہیں ہے تاہم مرکزی حکومت سے بہتر روابط کیلئے وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم کے درمیان مسابقت جاری ہے۔ توقع کی جارہی تھی کہ تلگودیشم پارٹی بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے میں شامل ہوگی لیکن گذشتہ دنوں کے اجلاس میں آندھرا پردیش سے پون کلیان کو مدعو کیا گیا تھا۔ مبصرین کے مطابق وائی ایس جگن موہن ریڈی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی اور مرکز سے ٹکراؤ کے خلاف ہیں۔