وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کے مابین تنازعات

   

نیلور کے قائدین کے ساتھ صدر پارٹی و چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی بات چیت
حیدرآباد /9 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں برسر ا قتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں ضلعی سطح پر پارٹی قیادت کے مسئلہ پر قائدین کے مابین تنازعات اور اختلافات شروع ہونے پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں اندرونی خلفشار نقطہ عروج پر پہونچ جانے کی اطلاعات ہیں ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مختلف اضلاع میں پارٹی قیادت اور دیگر نوعیت کے مسائل پر پارٹی قائدین ارکان اسمبلی اور وزراء کے مابین شدید نوعیت کے تنازعات جاری ہیں ۔لیکن اس دوران بالخصوص ضلع نیلور میں پارٹی قائدین میں تنازعات ابھر کر سامنے آئے ہیں اور اب ان تنازعات اور اختلافات کا مسئلہ صدر وائی ایس آر کانگریس چیف منسٹر جگن موہن ریڈی تک پہونچ گیا ۔ جس کی وجہ سے اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے خود جگن پہل کرتے ہوئے نیلور قائدین کو آج طلب کرنے کی اطلاعات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پارٹی اور حکومتی امور میں قائدین کے مابین آپسی تال میل کا فقدان ہے ۔ جبکہ ارکان اسمبلی ضلع نیلور مسرس کے سریدھر ریڈی اور کے گوردھن ریڈی کے مابین سخت اختلافات پر جگن کی شدید برہمی کی بھی اطلاعات ہیں ۔ کیونکہ مذکورہ دونوں قائدین کے مابین پائے جانے والے اختلافات ضلع بھر میں سیاسی موضوع بحث بنے ہوئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ نیلور رورل حلقہ اسمبلی کی نمائندگی کرنے والے مسٹر سریدھر ریڈی اور سروے پلی حلقہ اسمبلی کی نمائندگی کرنے والے مسٹر کے گوردھن ریڈی کے مابین ضلع قیادت کے مسئلہ پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق گوردھن ریڈی گذشتہ دو معیاد سے ضلع پارٹی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں اور ضلع میں ڈسپلن کے ساتھ قائدین کو چلنے کی ضرورت پیش آرہی ہے ۔ لیکن اس کے برخلاف ضلع پارٹی کے بعض اہم قائدین کام کر رہے ہیں ۔ جبکہ رکن پارلیمان مسٹر اے پربھاکر ریڈی اور ضلع سے نمائندگی کرنے والے وزیر مسٹر انیل نے اپنے علحدہ دفاتر قائم کرکے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیںاور ضلع پارٹی آفس آنے سے گریز کرتے ہوئے اپنے ذاتی دفاتر سے اپنی سرگرمیاں انجام دینے کی وجہ سے ضلع قائدین اور ضلع بھر میں موضوع بحث بننے کیلئے راہ ہموار کی ہے ۔ اس طرح ضلع نیلور میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی دو گروپوں میں منقسم ہوجانے کی اطلاعات ہیں ۔ ایک گروپ کی قیادت وزیر مسٹر انیل ، کے سریدھر ریڈی کر رہے ہیں ۔