وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا انتخابی نشان ’’پنکھا ‘‘ الٹا گھومنا شروع

   

تلگودیشم پارٹی کا کوئی بھی قائد وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار نہیں : چندرا بابو کا دعوی
حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و نگرانکار چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تعلق سے مضحکہ و سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ جگن موہن ریڈی کی جانب سے انتخابات کے تعلق سے مرتب کردہ منصوبہ بالکلیہ طور پر الٹ پلٹ ہوگیا بلکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا انتخابی نشان ’’ پنکھا‘‘ بھی اب اُلٹا گھومنا شروع کردیا ہے ۔ چندرا بابو نے پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر ریاست میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے مقصد سے تلگودیشم قائدین کو اپنی طرف مختلف ترغیبات کے ذریعہ راغب کرنے کی کوشش کی گئی اور انتخابی شیڈول کی اجرائی سے بہت پہلے سے بعض تلگودیشم کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کیلئے تیار کیا گیا اور تلگودیشم قائدین کو اس بات کا مکمل یقین و احساس دلایا گیا کہ انتخابات میں بہرصورت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ہی کامیابی حاصل ہوگی اور تلگودیشم پارٹی کا صفایا ہوجائے گا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی کی گئی تمام کوششوں کے باوجود تلگودیشم پارٹی کے کوئی اہم قائدین وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کیلئے تیار نہیں ہوئے بلکہ جگن کے طرز عمل سے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے کئی اہم قائدین تلگودیشم میں شامل ہوئے ۔ جس کے نتیجہمیں وائی ایس جگن موہن ریڈی کا منصوبہ الٹ پلٹ ہوگیا ۔