وائی ایس آر کانگریس کا اپنے ہی ایم پی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: لوک سبھا میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے لیڈر پی وی متھن ریڈی نے آج اپنی ہی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کے رگھورام کرشنا راجو کے خلاف زیر التوا مالیاتی جرائم کے معاملے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ نرسا پورم پارلیمانی سیٹ سے وائی ایس آر کانگریس سے منتخب ہونے والے مسٹر راجو نے آندھرا پردیش حکومت کی طرف سے ریاست کی راجدھانی تروپتی میں بنانے کے منصوبے کے تحت حصول اراضی کے معاملے میں احتجاج کرنے والے کسانوں پر پولیس کے مظالم کا معاملہ اٹھایا اور اپنی ہی پارٹی کی حکومت پر اس کا الزام لگایاکہ گاندھیائی طریقے سے اپنے حقوق مانگنے والے کسانوں پر پولیس مظالم کر رہی ہے ۔ اس کے بعد وائی ایس آر کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے شور مچانا شروع کردیا۔ بعد ازاں پریذائیڈنگ آفیسر راجیندر اگروال کی طرف سے دی گئی اجازت پر وائی ایس آر کانگریس پارلیمانی پارٹی کے لیڈر مسٹر متھن ریڈی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر راجو کے خلاف سی بی آئی کی دو تحقیقات زیر التوا ہیں۔ اس لیے وہ مرکز میں حکمراں جماعت سے قربت بڑھا کر فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ریاستی حکومت کوہی نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر راجو ان کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے منتخب ہوئے ہیں لیکن ان کے خلاف بینکوں میں دھوکہ دہی جیسے الزامات ہیں، اس لئے پارٹی خود کو اس سے دور رکھتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ان الزامات کی فوری تحقیقات کرکے ضروری کارروائی کی جائے ۔