وائی ایس آر کانگریس کا 19 فروری کو بی سی گرجنا وائی ایس جگن کی بی سی قائدین سے مشاورت

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں 19 فروری کو بی سی گرجنا کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پسماندہ طبقات سے متعلق چندرا بابو نائیڈو حکومت کے وعدوں کی تکمیل کو بے نقاب کیا جاسکے۔ پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج بی سی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں پسماندہ طبقات کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا ۔ جگن موہن ریڈی نے چندرا بابو نائیڈو حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جو انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ بعد میں بی سی سیل کے صدر جے کرشنا مورتی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بی سی گرجنا میں بی سی طبقات کیلئے سب پلان میں بے قاعدگیوں کو آشکار کیا جائے گا ۔ انہوں نے پسماندہ طبقات سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ اجلاس میں پسماندہ طبقات کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں وضاحت کی گئی کہ چندرا بابو نائیڈو حکومت نے کس طرح دھوکہ دہی کی ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پسماندہ طبقات کیلئے جو وعدے کئے تھے ، انہیں چندرا بابو نائیڈو حکومت نے اختیار کرلیا لیکن یہ محض وعدے بن کر رہ گئے۔ تمام شعبوں میں پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ پسماندہ طبقات کیلئے فیس بازادائیگی اسکیم پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ آندھراپردیش کے 13 اضلاع کا دورہ کرنے کے بعد یہ رپورٹ پیش کی گئی ۔