حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے بھائی وائی ایس ویویکانند ریڈی کے قتل معاملہ میں سی بی آئی کو اہم ثبوت حاصل ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وائی ایس ویویکانند ریڈی کے قتل کیلئے 8 کروڑ روپئے کی سپاری دی گئی تھی۔ اس معاملہ میں دو اہم شخصیتوں کے ملوث ہونے کا ثبوت سی بی آئی کے ہاتھ لگا ہے۔ سی بی آئی نے تقریباً 45 دن تک کڑپہ میں قیام کرتے ہوئے تحقیقات کی۔ تقریباً 1600 افراد سے تفتیش کی گئی۔ ویویکانند ریڈی کی قیامگاہ کے واچ مین رنگیا نے قتل سے متعلق کئی اہم سراغ سی بی آئی کے حوالے کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رنگیا نے جملامڈگو مجسٹریٹ کے روبرو بیان دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ویویکانند ریڈی کے قتل کے لئے 8 کروڑ روپئے کی سپاری دی گئی تھی۔ سپاری دینے والے دو افراد کے علاوہ مزید دو افراد اس معاملہ میں ملوث ہیں۔ مزید پانچ افراد پر قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ہے جن کا تعلق دیگر ریاستوں سے بتایا جاتا ہے ۔ سی بی آئی نے قتل میں 8 افراد کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی ہے ۔ رنگیا کی فراہم کردہ معلومات پر سی بی آئی نے تحقیقات کو تیز کردیا ہے۔