جگن کو بی ستیہ نارائنا سے دریافت کرنے کا مطالبہ ، نارا لوکیش کا ٹوئیٹ
حیدرآباد /3 جولائی ( سیاست نیوز ) قومی جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی و سابق وزیر مسٹر این لوکیش نے سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھراپردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی زیر قیادت حکومت میں ’’ اندرما امکنہ جات ‘‘ میں پیش آئے بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کے واقعات کے تعلق سے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو سخت الفاظ میں جھنجوڑا ہے اور کہا کہ غریب کو چھت فراہم کرنے کے نام پر عوام کی دولت کو لوٹا گیا ۔ مسٹر این لوکیش نے اپنے ٹوئیٹر کے ذریعہ کہا کہ ’’ جگن گارو ‘‘ ان مبینہ بے قاعدگیوں کے موقع پر آپ کوئیڈ پروکو ‘‘ میں مصروف رہنے کی وجہ سے اندرما امکنہ جات میں مبینہ بے قاعدگیوں سے واقف نہیں ہوں گے ۔ لہذا آج کے جائزہ اجلاس میں آپ کے ساتھ موجود وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر بی ستیہ نارائنا سے دریافت کرتے تو بہت بہتر بات ہوتی تھی اور وہ خود آپ کو اس وقت پیش آئے 14 لاکھ مکانات تعمیر کئے بغیر ہی بلز حاصل کرلینے کے واقعات سے واقف کرواتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سال 2014 سے قبل آندھراپردیش میں امکنہ جات کی تعمیر کیلئے 11 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے اور ان رقومات میں صرف 7759 کروڑ روپئے ہی خرچ کئے گئے تھے جبکہ 7759 کروڑ روپیوں میں صرف 3500 کروڑ روپئے تعمیری کاموں پر خرچ کرکے ماباقی 4150 کروڑ روپئے ہڑپ کرلئے گئے ۔ ہر ایک کو ذاتی مکان فراہم کرنے کی سوچ کے ساتھ سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے غریبوں کیلئے تمام تر عصری سہولتوں پر مبنی امکنہ جات تعمیر کرکے فراہم کئے ۔ مسٹر این لوکیش نے بتایا کہ سابقہ تلگودیشم حکومت میں تین مرحلوں کے دوران جملہ 800346 مکانات کی تعمیر کرکے تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اس بات کا سابقہ تلگودیشم حکومت کو فخر ہے ۔
