وائی ایس آر کانگریس کی کسی جماعت سے مفاہمت نہیں: شرمیلا

   

حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد و وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن شرمیلا نے کہا کہ ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی کسی بھی جماعت یا پارٹی سے کوئی انتخابی مفاہمت یا انتخابی دوستی نہیں ہے بلکہ تنہا انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ کیونکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو کسی سیاسی پارٹی سے انتخابی مفاہمت کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے ۔ قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی شرمیلا نے آج اپنے دورہ مغربی گوداوری کے موقع پر مختلف مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے تلگو دیشم حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آج تک امراوتی میں ایک بھی مستقل عمارت تعمیر نہیں کی گئی ۔ مسٹر این لوکیش کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ مسٹر لوکیش کو وردھنتی اور جنیتی کا بھی فرق معلوم نہیں ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈر ہر روز ایک نئی بات کرنے کے عادی ہیں ۔ پولاورم پراجکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے شرمیلا نے بتایا کہ 15 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے پر مکمل ہونے والے پراجکٹ کے تخمینہ کو بڑھاکر 60 ہزار کروڑ روپئے کیا گیا ۔ اس طرح پولاورم پراجکٹ کے کاموں میں اندھا دھند لوٹ کھسوٹ کرنے کامسٹر چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا ۔