فلاحی اور ترقیاتی کاموں کا ریکارڈ، اتم کمار ریڈی کی تقریر
حیدرآباد: سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو کانگریس پارٹی کی جانب سے زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ راج شیکھر ریڈی کی جینتی تقاریب کے سلسلہ میں آج پنجہ گٹہ میں واقع ان کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا، سابق رکن راجیہ سبھا کے وی پی رامچندر راؤ ، سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی ، خازن پردیش کانگریس جی نارائن ریڈی اور دیگر قائدین نے خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی بھون میں علحدہ تقریب منعقد کی گئی جس میں راج شیکھر ریڈی کے پورٹریٹ پر پھول چڑھائے گئے ۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس اور دیگر قائدین کے علاوہ سابق رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں اور دوسرے موجود تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش کی ترقی میں راج شیکھر ریڈی نے اہم رول ادا کیا۔ تمام طبقات کی بھلائی کیلئے راج شیکھر ریڈی حکومت نے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کیلئے 4 فیصد تحفظات راج شیکھر ریڈی کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تلنگانہ ریاست میں راج شیکھر ریڈی کی جانب سے شروع کردہ کئی ترقیاتی کام عوام کی بھلائی کا ثبوت ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے راج شیکھر ریڈی کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی راج شیکھر ریڈی کی اولین ترجیح تھی۔ کمزور طبقات انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔