وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے خاندان میں دولت کی تقسیم کیلئے سرد جنگ

   

جگن موہن ریڈی اور اہلیہ کے شرمیلہ اور والدہ پر الزامات ، مقدمہ نیشنل کمپنی لاء ٹریبونل تک پہنچ گیا
حیدرآباد۔23۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) دولت بھائی بہن کے رشتوں کو بھی ختم کردیتی ہے اور دولت کے حصول کے لئے خونی رشتوں کی حرمت بھی سرعام نیلام ہونے لگتی ہے۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے خاندان میں دولت کی تقسیم اور اپنے حصہ کے لئے جاری سرد جنگ اب نیشنل کمپنی لاء ٹریبونل پہنچ گئی ہے جہاں سابق چیف منسٹروائی ایس جگن موہن ریڈی اور ان کی اہلیہ وائی ایس بھارتی نے درخواست داخل کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس آندھراپردیش وائی ایس شرمیلا اور اپنی والدہ وجیہ اماں پر خردبرد کے ذریعہ مختلف کمپنیوں میں حصہ حاصل کرلینے کے الزامات عائد کئے ہیں۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنی والدہ وجیہ اماں اور بہن وائی ایس شرمیلا کے خلاف نیشنل کمپنی لاء ٹریبونل سے رجوع ہوتے ہوئے ان کی کمپنیوں میں شراکت دار کی حیثیت اپنے حصہ کا ناجائز فائدہ حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے داخل کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اب انہیں اپنی بہن شرمیلا سے کوئی محبت یا انسیت نہیں رہی اسی لئے وہ اپنی کمپنی میں ان کی شراکت داری کے حق میں نہیں ہیں۔ سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے این سی ایل ٹی میں داخل کی گئی درخواست میں کہاگیا ہے کہ ان کی والدہ اور بہن کے ان کی کمپنیو ںمیں موجود حصہ کو منسوخ کیا جائے ۔ انہوں نے ٹریبونل میں داخل کی گئی درخواست میں بتایا کہ سرسوتی پاؤر کمپنی میں موجودحصہ داری کو ختم کرنے کی درخواست داخل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ وجیہ اماں اور ان کی بہن وائی ایس شرمیلا نے جولائی 2024 میں اس کمپنی میں شراکت داری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے بیشتر حصہ کو منتقل کیاگیا ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ دونوں شراکت داروں کی جانب سے ابتداء میں کئے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے اسی لئے وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شراکت داری کو برخواست کیا جائے ۔ سابق چیف منسٹر نے اپنی درخواست میں 31اگسٹ 2019 کو کئے گئے معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدہ میں موجود شرائط کی صریح خلاف ورزی ہوئی ہے اسی لئے وہ نہیں چاہتے کہ وجیہ اماں اور وائی ایس شرمیلا مزید اس کمپنی کا حصہ رہیں ۔ سرسوتی پاؤر کمپنی کے شئیر کی تقسیم کو منسوخ کرنے کے لئے داخل کی گئی درخواست میں سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا وہ اور ان کی اہلیہ بھارتی 74لاکھ26 ہزار294 شئیرس کی منتقلی کو منسوخ کرنے کی درخواست داخل کر رہے ہیں جو کہ جگن کی جانب سے وجیہ اماں کو دیئے گئے تھے اور اس کے علاوہ بھارتی کی جانب سے وجیہ اماں کو منتقل کئے جانے والے 40لاکھ 50ہزار شئیر کی منتقلی کو بھی منسوخ کرنے کی درخواست داخل کی گئی ہے۔3