وائی ایس شرمیلا نے 20 اسمبلی نشستوں پر دعویداری پیش کی

   

کانگریس کیلئے نئی الجھن، ریونت ریڈی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے انضمام کے مخالف
حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے کانگریس میں انضمام کے مسئلہ پر صورتحال ابھی بھی غیر واضح ہے کیونکہ وائی ایس شرمیلا نے کانگریس ہائی کمان سے ملاقات کے دوران انضمام کے بدلے اسمبلی کی 20 نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شرمیلا نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینو گوپال کو انضمام کی شرائط سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین کو 20 اسمبلی حلقہ جات میں ٹکٹ دیا جانا چاہیئے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے 2014 اسمبلی انتخابات میں جن 20 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا وائی ایس شرمیلا ان نشستوں پر اپنے حامیوں کو ٹکٹ دینا چاہتی ہیں۔ واضح رہے کہ وائی ایس آر کانگریس نے 2018 میں 92 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا اور متحدہ کھمم ضلع کی 3 نشستوں اشوا راؤ پیٹ، وائیرا اور پناپاکا سے کامیابی حاصل کی تھی۔ وائی ایس آر کانگریس کو 2014 میں کھمم لوک سبھا حلقہ سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ وائی ایس شرمیلا نے جولائی 2021 میں وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی قائم کی۔ ان کا کہنا ہے کہ 3800 کلو میٹر پدیاترا کے ذریعہ ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے۔ نئی دہلی سے واپسی کے بعد شرمیلا نے اپنے حامیوں کے ساتھ اجلاس میں کانگریس ہائی کمان سے بات چیت کی تفصیلات پیش کی۔ شرمیلا نے جن اسمبلی حلقہ جات پر دعویداری پیش کی ہے ان میں تنگاترتی، سوریا پیٹ، کوداڑ، حضورنگر، پالیر، اشوا راؤ پیٹ، وائیرا، پناپاکا، کلواکرتی، ونپرتی، اچم پیٹ، کولا پور، قطب اللہ پور، ایل بی نگر، جوبلی ہلز، راجندر نگر اور پرگی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی وینو گوپال نے اس مسئلہ پر راہول گاندھی سے مشاورت کا تیقن دیا ہے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور ان کے حامی وائی ایس شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں وائی ایس شرمیلا کا کوئی رول نہیں بن سکتا۔ شرمیلا کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی کمان کم از کم 10 اسمبلی نشستوں کا پیشکش کرے گا۔