حیدرآباد ۔31۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل کانگریس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ وائی ایس شرمیلا کی زیر قیادت وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے کانگریس میں انضمام کی راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ شرمیلا نے آج دہلی میں سرکردہ کانگریس قائدین سونیا گاندھی و راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات میں وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے کانگریس میں انضمام پر بات ہوئی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا نے تفصیلات کے اظہار سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ عوام کی بھلائی کیلئے مسلسل کام کرتی رہیں گی۔ شرمیلا نے ریمارک کیا کہ کے سی آر کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے کانگریس میں انضمام کی اطلاعات کے دوران کانگریس ہائی کمان سے شرمیلا کی ملاقات اہمیت کی حامل ہے ۔ واضح رہے کہ شرمیلا نے انضمام کے سلسلہ میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینو گوپال سے مذاکرات کئے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق شرمیلا نے کھمم کے پالیرو اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کا ارادہ ظاہر کرکے پالیرو کے علاوہ بعض دیگر حلقہ جات میں ان کے حامیوں کو ٹکٹ دینے کی درخواست کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وائی ایس تلنگانہ پارٹی کے انضمام کے مسئلہ پر تلنگانہ کانگریس قائدین میں اختلاف رائے ہے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور ان کے قریبی قائدین انضمام کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وائی ایس شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت سے پارٹی کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔ شرمیلا آندھرا پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں ، لہذا تلنگانہ میں ووٹرس کو راغب کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔ پردیش کانگریس نے انضمام کے مسئلہ کو ہائی کمان پر چھوڑ دیا ہے ۔ اسی دوران جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت سے لاعلمی کا اظہار کیا۔