وائی ایس شرمیلا کی سیاسی جماعت کا مئی یا جون میں اعلان متوقع

   

دو ریٹائرڈ عہدیدار مشیر مقرر، مختلف طبقات کے قائدین سے مشاورت جاری
حیدرآباد: سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر وائی ایس شرمیلا توقع ہے کہ مئی یا جون میں تلنگانہ کیلئے اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کرسکتی ہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری کی تاریخ کے اعتبار سے نئی پارٹی کے آغاز کی تاریخ طئے کی جائے گی۔ شرمیلا نے اپنے حامیوں کے علاوہ سماج کے مختلف طبقات سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ شرمیلا کے مشیروں کی حیثیت سے دو ریٹائرڈ عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔ سابق آئی اے ایس عہدیدار پربھاکر ریڈی اور سابق آئی پی ایس عہدیدار اودے سنہا کو شرمیلا کے مشیران کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور میں اودے سنہا اور پربھاکر ریڈی نے اہم عہدوں پر خدمات انجام دی تھیں۔ پربھاکر ریڈی چیف منسٹر کے ایڈیشنل سکریٹری رہے۔ دونوں عہدیداروں کے مشورہ سے شرمیلا نے پارٹی کے قیام کی حکمت عملی طئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ریٹائرڈ عہدیداروں نے سماج کے مختلف طبقات کے نمائندوں سے ربط قائم کرتے ہوئے شرمیلا سے ملاقات کا اہتمام کرایا۔ شرمیلا کے بااعتماد رفیق کے راگھو ریڈی کا کہنا ہے کہ مئی یا جون میں پارٹی کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کیاجائے گا۔ اسی دوران کھمم ، نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے وائی ایس آر کے پرستاروں کی کثیر تعداد نے شرمیلا سے ملاقات کی ۔ ایم ایل سی انتخابات کا اعلامیہ جاری ہونے کے بعد شرمیلا نے اپنا دورۂ کھمم منسوخ کردیا ۔ وہ حیدرآباد میں مختلف اضلاع کے نمائندوں سے ملاقات کر رہی ہیں۔ کانگریس کے سابق ایم ایل سی ایم رنگا ریڈی نے شرمیلا سے ملاقات کی اور نئی پارٹی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ۔ ایک اور کانگریسی لیڈر ٹی نریندر ریڈی جن کا تعلق نلگنڈہ سے ہے، انہوں نے بھی شرمیلا سے ملاقات کی اور پارٹی کے قیام کی صورت میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا۔