نئی دہلی: سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کے 100 ویں یوم پیدائش پر صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت قوم نے آنجہانی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ واجپائی کی سمادھی ‘سدیو اٹل’ پر صدر جمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم، لوک سبھا اسپیکر کے علاوہ سابق صدر رام ناتھ کووند، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر اور مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا، مرکزی وزیر امت شاہ، جیوترادتیہ سندھیا، ہردیپ سنگھ پوری، کرن رجیجو، اشونی ویشنو، پیوش گوئل، بھوپیندر یادو، ارجن رام میگھوال، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو، بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے ، ارون سنگھ اور پارٹی کے کئی عہدیداروں نے پھول چڑھائے ۔آنجہانی سابق وزیر اعظم کی گود لی ہوئی بیٹی نمیتا بھٹاچاریہ، داماد رنجن بھٹاچاریہ اور ان کی بیٹی، گوالیار سے آنے والے واجپائی کے خاندان کے دیگر افراد نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر بھجن گانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ صدر، نائب صدر اور وزیر اعظم نے گائک منڈلی کے اراکین سے ملاقات کی۔