وادی کو بیرون دنیا کیساتھ جوڑنے والی شاہراہ پر ٹریفک بحال

   

سری نگر۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کو ملک وبیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز یک طرفہ ٹریفک جاری رہا جو پیر کی دوپہر کو کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آنے اور جواہر ٹنل کے آر پار ہلکی برف باری ہونے کی وجہ سے بند تھا۔ایک ٹریفک عہدیدار نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر منگل کے روز یک طرفہ ٹریفک بحال ہوا اور پیر کی دوپہر سے درماندہ ہوئی گاڑیاں بشمول مال بردار و میوہ بردار گاڑیاں جموں کی طرف رواں دواں تھیں۔انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز گاڑیاں سری نگر سے جموں روانہ ہوئیں۔ادھر صوبہ لداخ کو وادی کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ سال گذشتہ کے ماہ دسمبر سے لگاتار بند ہے ۔واضح رہے کہ پیر کی دوپہر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل اس وقت معطل ہوئی تھی جب رام بن اور رامسو کے درمیان بارشوں کی وجہ سے چٹانیں کھسک آئی تھیں اورجواہر ٹنل کے آر پار ہلکی برف باری ہوئی تھی۔قابل ذکر ہے کہ وادی کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھنے والی شاہراہ پر گذشتہ قریب ایک سال سے یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل کی اجازت ہے کیونکہ شاہراہ کو چار گلیاروں والی شاہراہ بنانے کے لئے کام جاری ہے ۔شاہراہ بسااوقات بند رہنا اہلیان وادی کے لئے کسی مصیبت سے کم نہیں ہے ۔