وارانسی، 22 اکتوبر (یو این آئی): کولکاتا سے سری نگر جا رہی انڈیگو ایئرلائنز کی پرواز نمبر 6E-6961 کو چہارشنبہ کی شام ایندھن کے رساؤ (فیول لیک) کی اطلاع کے بعد وارانسی کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہنگامی طور پر اتارنا پڑا۔ پائلٹ نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوراً وارانسی کے ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) سے رابطہ کیا اور لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ اجازت ملنے کے بعد طیارہ شام 4 بج کر 10 منٹ پر محفوظ طریقے سے رن وے پر اتار لیا گیا۔ گومتی زون پولیس کے مطابق، طیارے میں سوار تمام 166 مسافر مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ تمام مسافروں کو بحفاظت ایئرپورٹ کے آمد ہال میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ تکنیکی ٹیم اس وقت طیارے کی جانچ اور مرمت میں مصروف ہے ۔
