وارانسی میں گنگا میں طغیانی

   

وارانسی:15جولائی(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع وارانسی میں گنگا ندی کے بڑھتی آبی سطح کے پیش نظر کشتی اور موٹر بوٹ سے گنگا آرتی دیکھنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔سنٹرل واٹر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق گنگا کے پانی کی سطح چار سنٹی میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے ۔ گنگا کے پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے ہر قسم کی کشتیوں اور موٹر بوٹس پر پابندی لگا دی گئی ہے اور بیٹھ کر گنگا آرتی دیکھنے پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے ۔انچارج انسپکٹر واٹر پولس راجکشور پانڈے نے بتایا کہ ساون کا مہینہ چل رہا ہے ۔ ایسے میں بابا شری کاشی وشوناتھ کے درشن کے لیے عقیدت مندوں کا ہجوم ہے ۔ گھاٹوں کا رابطہ پوری طرح سے ٹوٹ گیا ہے ۔ کشتیوں اور موٹر بوٹس کے چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ یہ بھی پابندی لگا دی گئی ہے کہ گنگا آرتی کے دوران کوئی بھی عقیدت مند کشتی سے بیٹھ کر آرتی نہ دیکھے ۔
ہریش چندر گھاٹ ڈوب جانے کی وجہ سے گلیوں میں آخری رسومات کی جا رہی ہیں۔ مانیکرنیکا گھاٹ پر آخری رسومات چھتوں پر کی جا رہی ہیں۔ حفاظت کے پیش نظر آبی پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں گنگا میں مسلسل گشت کر رہی ہیں۔ گنگا کے پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے سرسول، گوڑہ، مرید پور سمیت کئی ساحلی دیہاتوں میں سبزیوں کی کھیتی پانی میں ڈوب گئی ہے ۔ ڈھاب کے علاقوں میں سیلابی پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔