وارم اَپ مقابلے، زمبابوے، نیپال اور عمان کامیاب

   

نئی دہلی، 4 فروری (آئی اے این ایس) آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے وارم اَپ میچوں میں زمبابوے، نیپال اور عمان نے شاندار فتوحات حاصل کر کے اپنے اعتماد میں اضافہ کیا۔ زمبابوے نے ریان برل کی ناقابلِ شکست 50 رنز کی اننگز اور رچرڈ نگاراوا کی مؤثر کارکردگی کی بدولت نیدرلینڈز کو 29 رنز سے شکست دی۔ جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔چنئی میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے دیپیندرا سنگھ ایری اور عارف شیخ کی ناقابلِ شکست سنچری شراکت کی بدولت متحدہ عرب امارات کو سات وکٹوں سے ہرایا۔ نیپال نے ہدف تین اوورز پہلے ہی حاصل کر لیا۔کولمبو میں عامر کلیم کی شاندار 80 رنز کی اننگز کی بدولت عمان نے سری لنکا اے کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ وکٹ کیپر ونیایک شکلا نے بھی ناٹ آؤٹ 39 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

باکسرکا قیمتی مجسمہ چوری
لندن/4فروری (یو این آئی ) ایسٹ لندن کے علاقے پوپلر میں واقع لینگڈن پارک سے برطانوی باکسنگ کے لیجنڈ ٹیڈی بالڈوک کا کانسہ کا مجسمہ چوری کر لیا گیا۔ چوروں نے انتہائی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک لاکھ پاؤنڈ مالیت کے اس مجسمے کو ٹخنوں سے کاٹ کر علیحدہ کیا اور جائے وقوع پر صرف باکسر کے جوتے چھوڑگئے ۔ اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف باکسر کے خاندان بلکہ مقامی افرادکو بھی صدمے میں مبتلا کردیا ہے ۔اس مجسمے کی مالیت تقریباً 1 لاکھ پاؤنڈ تھی، جسے 2014 میں عوامی عطیات کی مدد سے نصب کیا گیا تھا۔ پولیس اور ٹاور ہیملٹس کونسل سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔