وارم اپ میں تجربات کرلئے ، فیلڈنگ بہتر کرنا ہوگا: رضوان

   

حیدرآباد: پاکستان کے وکٹ کیپر ؍بیاٹر محمد رضوان نے کہا ہیکہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے ان کی ٹیم نے ہندوستان کے حالات کو سمجھنے کی کوشش کی ہے لیکن ہمیں اپنی فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد رضوان کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وارم اپ میچ کا مقصد ہے کہ کارکردگی میں بہتری لاسکیں، پاکستان نے بھی وارم اپ میچ میں تجربات کئے ہیں، ان تجربات سے اچھی چیزیں بھی ملیں اور بہتری کی گنجائش کا بھی علم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانی ہوگی، انڈیا کی کنڈیشن سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی ہے۔ رضوان نے کہا کہ پچ دیکھنے کے بعد وہ اور کپتان جاکر صورتحال کے مطابق کھیلتے ہیں۔ نیوزی لینڈ سے میچ میں پچ بہتر تھا اور رنز بن رہے تھے۔ رضوان نے کہا کہ سنچری کہیں بھی اسکور کریں خوشی ملتی ہے اور اعتماد بڑھتا ہے ، ہندوستان میں پھر کبھی کھیلنے کو ملے یا نہیں، اس لئے ہندوستانی سرزمین پر سنچری کا احساس الگ ہوتا ہے۔ پاکستانی اسٹار نے مزید کہا کہ انڈیا جانے سے پہلے بہت مشکلات بھی در پیش رہیں لیکن ہندوستان میں پاکستان کو جس طرح ویلکم کیا گیا تو ایسا لگا ہم کراچی یا لاہور میں ہیں۔ حیدرآباد ائیرپورٹ پر جس طرح آوازیں گونج رہی تھیں تو اس کا احساس بہت الگ رہا، جس طرح ہمارے عوام پیار کرتے ہیں، ہندوستانی لوگ بھی پاکستانی کرکٹرز کو چاہتے ہیں۔ ہندوستان میں جس طرح ویلکم کیا گیا ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے جب کبھی انڈین ٹیم پاکستان آئے گی ان کا استقبال بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔