وارنر اور اسمتھ کا خیر مقدم کیا جائے گا: ایرون

   

میلبورن۔3جنوری (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی ونڈے ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے کہا ہے کہ بال ٹمپرنگ میں پابندی کا شکار ہونے والے ہمارے کرکٹرز نے جو کچھ کیا اس کی سزا انہیں مل گئی اور پابندی ختم ہونے پر ہم انہیں کھلے دل اور بازووں سے ٹیم میں خوش آمدید کہیں گے۔ یاد رہے ان کے ساتھی اوپنرکیمرون بین کرافٹ کی سزا مکمل ہو چکی ہے جبکہ سابق کپتان اور نائب کپتان اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی سزا مارچ میں ختم ہوگی۔ ان تینوں کو واپسی پر ایشز سیریز اور بعد ازاں ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا حصہ بنانے کی تجویز ہے تاہم اس کے لئے ٹسٹ کپتان ٹم پین اور ایرون فنچ میں مشورہ ہوگا۔ فنچ نے اس بارے میں واضح طور پر اپنی رضا مندی ظاہر کردی ہے اور کہا کہ جو کچھ ہونا تھا ہو گیا اب ہمیں آگے دیکھنا ہے۔ تینوں کھلاڑی سخت محنت کررہے ہیں تاکہ تمام تقاضے پورے کرکے خود کو نمائندگی کا حقدار ثابت کریں اور ہمیں بھی اس میں ان سے تعاون کرنا ہوگا۔ فنچ کا موقف اپنی جگہ لیکن بین کرافٹ اور ان سے پہلے اسٹیون اسمتھ کے انٹرویوز نے صورتحال کو تبدیل کر دیا ہے ،اسمتھ نے کہا کہ انہیں بال ٹمپرنگ کی کوشش کا قبل ازوقت علم ہوگیا تھا لیکن وہ اسے روکنے میں ناکام رہے جبکہ کیمرون بین کرافٹ نے اس کے لئے ڈیوڈ وارنر کو موردالزام ٹھہرایا ہے جو ابھی تک جواب میں کچھ نہیں کہا۔ ان بیانات کے بعد ان تینوں کی دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی اتنی آسان نہیں رہی جتنا پہلے سمجھی جا رہی تھی۔